حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/شیعہ علما کونسل اور اتحاد امت فورم کے زیر اہتمام بارہویں تاجدار امامت حضرت امام مہدی علیہ السلام کی گستاخی کے خلاف نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔
لاہور سمیت پنجاب بھر کی مساجد میں خطبات جمعہ میں آئمہ جمعہ و جماعت نے واضح کیا کہ امام مہدی کے ظہور کا عقیدہ امت مسلمہ کا مشترکہ عقیدہ ہے۔ملعون احسن باکسر نے امام مہدی علیہ السلام کی شان میں گستاخی کرکے امت مسلمہ کے جذبات کو مجروح کیا اور اپنے لئے جہنم کا راستہ اختیارکیا ہے۔ امام مہدی ؑ کے ظہور کے بارے میں احادیث مقدسہ موجود ہیں، کہ وہ قیامت سے پہلے حکم خداوندی سے ظہور کریں گے۔
علما کا کہنا تھا کہ گستاخ امام مہدی احسن باکسر کے خلاف مقدمہ درج ہوچکا ہے، مگر پولیس اسے گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔جس پر ملت اسلامیہ میں تشویش پائی جاتی ہے۔ علی مسجد جامعتہ المنتظر،مسجد الحسین اچھرہ، مسجد الحائری وسن پورہ، امامیہ مسجد شباب چوک،مسجد صاحب الزمان اسلام پورہ سمیت مختلف 50مقامات پر نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔
جامعتہ المنتظر کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں شیعہ علماءکونسل رابطہ کمیٹی پنجاب کے سیکرٹر ی قاسم علی قاسمی نے خبر دار کیا کہ مقدمہ درج ہونے کے باوجود گستاخ امام مہدی کی گرفتاری نہ ہونا ریاستی اداروں اور حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ملعون احسن باکسر کو گرفتار نہ کیا گیا تو احتجاجی تحریک کا دائرہ ملک بھر میں پھیلادیں گے۔
اتحاد امت فورم کی رکن جماعتوں شیعہ علماءکونسل ،مجلس وحدت مسلمین ،وفاق المدارس الشیعہ، جامعة المصطفیٰ، جامعہ منہاج الحسین کے رہنماوں نے حکومت کو متنبع کیا ہے کہ ملزم کو فی الفور گرفتار کیا جائے ورنہ امن و امان کی ضمانت نہیں دیں گے۔